معرکۂ حق میں اللہ کے فضل و کرم سے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی، ڈی جی آئی ایس پی آر۔

ISPR

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے ملٹی ڈومین وار میں اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دی۔ یہ حقیقت پاکستانی بچوں کی طرح بھارتی بچے بھی جانتے ہیں، البتہ فرق صرف اتنا ہے کہ وہ اسے تسلیم نہیں کرتے۔

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی۔

معرکۂ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ کی رحمت سے مسلح افواج قوم کی توقعات پر پوری اتریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ملٹی ڈومین وار میں اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دی، اور یہ حقیقت نہ صرف پاکستانی بلکہ بھارتی بچے بھی جانتے ہیں، اگرچہ اسے تسلیم کرنے سے گریز کیا جاتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات کا بیانیہ گھڑنے کی کوشش کی، تاہم حقیقت یہ ہے کہ دنیا اب ایسی من گھڑت باتوں کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کو ایک سال گزر چکا ہے، مگر پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات اب بھی اپنی جگہ موجود ہیں۔ ان کے بقول یہ واضح کیا جانا چاہیے کہ اس واقعے کے ذمہ دار کون تھے اور کن مبینہ دہشتگرد کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کشمیر بھارت کا داخلی معاملہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت اپنے ہی اقدامات کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت کے سیاستدان سیاست سے زیادہ جنگی طرزِ فکر اپنائے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہی زبان اختیار کی جائے گی تو پاکستان ہر سطح پر جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ جنگ صرف زمین، فضا اور سمندر تک محدود نہیں بلکہ سائبر اور بیانیے کے محاذ پر بھی جاری ہے۔

Scroll to Top