آسٹریلیا میں روزگار کے مواقع: پاکستانی کیسے اپلائی کر سکتے ہیں؟

jobs in australia how to apply

اسلام آباد: بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے ہنر مند پاکستانیوں کے لیے آسٹریلیا میں ملازمت اور مستقل رہائش کے نئے مواقع سے متعلق اہم تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ ادارے کے مطابق پاکستانی شہری مخصوص شرائط پوری کرتے ہوئے آسٹریلیا کے “ایمپلائر نومینیشن اسکیم” (ENS) ویزا سب کلاس 186 کے تحت درخواست دے سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ ویزا ان پیشہ ور افراد کے لیے ہے جنہیں کسی منظور شدہ آسٹریلوی آجر کی جانب سے نامزد کیا گیا ہو۔ کامیاب امیدوار آسٹریلیا میں مستقل رہائش اور ملازمت حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔

ویزا کے لیے اہم شرائط

درخواست گزار کا پیشہ آسٹریلیا کی منظور شدہ ہنر مند فہرست میں شامل ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ امیدوار کے پاس مطلوبہ مہارت، تجربہ، آسٹریلوی آجر کی اسپانسرشپ اور صحت و کردار کے معیار پر پورا اترنا لازمی ہوگا۔

کن شعبوں کو ترجیح حاصل ہوگی؟

آسٹریلوی حکام کی جانب سے صحت اور تدریس کے شعبوں سے وابستہ افراد کی درخواستوں کو ترجیح دی جا رہی ہے، خصوصاً وہ امیدوار جنہیں منظور شدہ اسپانسرز کی حمایت حاصل ہو۔

مستقل رہائش کا اہم راستہ

ای این ایس ویزا کو آسٹریلیا کے ہنر مند امیگریشن پروگرام میں مستقل رہائش حاصل کرنے کا ایک اہم ذریعہ تصور کیا جاتا ہے۔ ہر سال ہزاروں افراد اس اسکیم کے تحت اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بنیاد پر آسٹریلیا منتقل ہو رہے ہیں۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ویزا سے متعلق مکمل اور مستند معلومات کے لیے صرف آسٹریلوی وزارتِ داخلہ کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کریں۔

شہری مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی آفیشل ویب سائٹ پر بھی وزٹ کر سکتے ہیں۔

Scroll to Top