“سوتے وقت چادر یا لحاف سے پاؤں باہر رکھنا کیوں ضروری سمجھا جاتا ہے؟”

foot outside the blanket

بہت سے لوگ سوتے وقت غیر ارادی طور پر اپنا ایک پاؤں چادر یا لحاف سے باہر نکال لیتے ہیں، مگر ماہرین کے مطابق یہ صرف ایک عادت نہیں بلکہ جسمانی درجہ حرارت کو متوازن رکھنے کا قدرتی طریقہ بھی ہو سکتا ہے۔

سائنسی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ جسم کے کسی چھوٹے حصے، خصوصاً پاؤں، کو ٹھنڈی ہوا کے سامنے رکھنے سے انسان کو جلد اور گہری نیند آنے میں مدد ملتی ہے۔ ماہرین کے مطابق پاؤں کی جلد میں باریک خون کی شریانیں سطح کے قریب موجود ہوتی ہیں اور وہاں بال بھی کم ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے حرارت تیزی سے خارج ہوتی ہے۔

جب کوئی شخص سوتے وقت ایک یا دونوں پاؤں کمبل سے باہر نکالتا ہے تو جسم کا اضافی درجہ حرارت کم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ اس سے دماغ کو یہ اشارہ ملتا ہے کہ جسم آرام کی حالت میں جا رہا ہے اور اب سونے کا وقت ہے۔

امریکی جریدے “ایوی ایشن، اسپیس اینڈ انوائرنمنٹل میڈیسن” میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق پاؤں کو ٹھنڈا رکھنا جسم کے مجموعی درجہ حرارت کو کم کرنے کا مؤثر طریقہ ہے، جس سے سکون اور بہتر نیند حاصل ہوتی ہے، چاہے باقی جسم گرم کمبل میں ہی کیوں نہ ہو۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گہری اور پرسکون نیند کے لیے جسم کا درجہ حرارت کم ہونا ضروری ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سونے سے پہلے نیم گرم پانی سے غسل کرنے کا مشورہ بھی دیا جاتا ہے، کیونکہ اس کے بعد جسم آہستہ آہستہ ٹھنڈا ہوتا ہے اور نیند بہتر آتی ہے۔

رات کو زیادہ پسینہ آنے والے افراد کے لیے بھی پاؤں باہر رکھ کر سونا فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ اس سے جسم کی گرمی اور گھبراہٹ میں کمی آتی ہے۔ اسی طرح “ریسٹ لیس لیگ سنڈروم” یعنی ٹانگوں میں بے چینی یا کھچاؤ کے شکار افراد کو بھی اس عادت سے کچھ آرام مل سکتا ہے۔

نیند کے ماہرین کے مطابق نسبتاً ٹھنڈا ماحول اور متوازن جسمانی درجہ حرارت بہتر نیند میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تاہم اگر کسی شخص کو مسلسل بے خوابی یا نیند سے متعلق دیگر مسائل کا سامنا ہو تو ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کرنا چاہیے۔

Scroll to Top